کوئٹہ،انڈسٹریل تھانے میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک،وزیرداخلہ کا نوٹس،تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے انڈسٹریل تھانے میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد وزیرداخلہ نے نوٹس لے لیا۔
کوئٹہ کے انڈسٹریل تھانے میں قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملے نے دو قیدیوں کی قمیضیں اتار کر ہتھکڑیاں لگائیں اور لاک اپ میں بند کردیا۔
پولیس کی جانب سے قیدیوں کو بیت الخلاء تک جانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی، ویڈیو سامنے آنے پر انکوائر ی کمیٹی بنادی گئی ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ اظفر مہیسر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سریاب محمد شعیب کی زیر نگرانی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاٗ لانگو کا کہنا ہے کہ آئی جی پولیس بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایک فرد کے اقدام کا ذمہ دار پورا پولیس ڈیپارٹمنٹ نہیں۔