بلوچستان کے ساحل ووسائل اورعوام کے حقوق پرکسی صورت سودے بازی نہیں کریں گے، میر رحمت بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر رحمت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا بلوچستان کے ساحل ووسائل اور عوام کے حقوق پر کسی بھی صورت سودے بازی نہیں کریں گے نیشنل پارٹی نے ہمیشہ آئین قانون اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ہے نیشنل پارٹی صوبہ بھر میں فعال ہو رہی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں نیشنل پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں یہاں صوبہ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے جارہے بیروزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے صوبائی حکومت ہرشعبہ میں ناکام ہو چکی ہے نیشنل پارٹی صوبہ کے وسائل کو کسی کو ہڑپ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اس کے لئے ہر پلیٹ فارم پر جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت آئین و قانون کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اس وقت ملک بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا اور تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری طریقے سے آئین و قانون کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے میر احمد صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی صوبہ بھر میں ایک فعال کردار ادا کررہی ہے اور پارٹی کی فعالیت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور جس طرح صوبہ کے عوام نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں نیشنل پارٹی کو سپورٹ کیا اور ہم سمجھتے ہیں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی نیشنل پارٹی ایک قوت بن کر ابھرے گی اور جہاں جہاں ممکن ہو سکے اتحادیوں کیساتھ ملکر ضلعی حکومت تشکیل دیں گے۔