گوادرپورٹ پر سب سے پہلا حق گوادرکے عوام کا ہے ہم کسی کو بلو چستان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ گوادرسی پورٹ پر سب سے پہلا حق گوادرکے عوام کا ہے ہم کسی کو بلو چستان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،سیاسی،مذہبی ا ور قوم پرست جماعتیں اپنے گریبان میں جھانکیں انہوں نے 75سال میں بلوچستان کے عوام کی کیا خدمت کی ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ گوادر سی پورٹ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے گوادر سی پورٹ پر نوکریوں اوردیگر مراعات پر سب سے پہلا حق گوادر اور بلوچستان کے عوام کا ہے ہم کسی کو بھی یہ حق نہیں دیں گے کہ وہ مقام افراد کو گوادر سے بے دخل یاانکے حقوق پر ڈاکہ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ احمد شاہ بابااور میر نصیر خان نوری دہلی اور لاہور سے مال غنیمت لاتے تھے اب انکے جان نشین مال غنیمت گوادر کی صورت میں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احمد شاہ بابا اور میر نصیرخان نوری کی جان نشینی کا دعویٰ کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ انہوں نے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کیا کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 75سال سے سیاسی،قوم پرست اور جنت کا ٹکٹ دینے والی جماعتیں عوام کو بے وقوف بناتی آرہی ہیں بلوچستان کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر گودار میں احتجاج کرنے والے عوام کے جائز مطالبات تسلیم کریں بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ گوادرکے عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبورہوگا۔