ملک میں جمہوریت کے قیام اور عوام کے حقوق کیلئے پارٹی کے قائدین اورہزاروں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے،روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلو چستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے قیام اور عوام کے حقوق کیلئے پارٹی کے قائدین اورہزاروں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے بلاول بھٹو زرداری شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے منشور کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت میں کمایابی حاصل کریگی،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نیازی کل تک امریکہ کو گالیاں دے رہے تھے اب ان کیلئے امریکہ حلال ہوگیا ہے عمران نیازی نے عوام کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ کیا عوام انکا ووٹ کے ذریعے ضرور احتساب کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری،ممتاز علی چنگیزی،ملک عیسیٰ خان اور عیسیٰ خان چنگیزی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنما ملک حمید کاکڑ،ربانی خلجی اوردیگر بھی موجود تھے۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور غریب عوام کے حقوق کیلئے اپنے قیام سے لیکر آج تک جو جدوجہد کی ہے وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ہم پارٹی پرچم کو بلند رکھنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدارمیں آئی ہے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی غریب عوام کے دلوں میں بستی اور انشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور ہزارہ ٹاؤن،مری آباد کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر 3دفعہ کامیاب بنایا امید ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں بھی ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ہی ووٹ دیکر کامیاب بنائیں گے۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ عمران نیازی کے لانگ مارچ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اب وہ محفوظ راستہ مانگ رہے ہیں لیکن حکومت انہیں محفوظ راستہ نہیں دے گی،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نیازی کل تک امریکہ کو گالیاں دے رہے تھے اب ان کیلئے امریکہ حلال ہوگیا ہے عمران نیازی نے عوام کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ کیا عوام انکا ووٹ کے ذریعے ضرور احتساب کریں گے۔