آرمی چیف کی تقرری؛ صدر مملکت عمران خان سے ملاقات کیلیے لاہور روانہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نئے آرمی چیف کی سمری ارسال کیے جانے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ہنگامی حالت میں لاہور روانہ ہوگئے۔نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے صدر کی روانگی کے پیشگی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے، صدر مملکت لاہور میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ایوان صدر سیکریٹریٹ کو سمری موصول ہوگئی ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔
صدر آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کريں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سمری صدر پاکستان کو ارسال کی تھی۔وزیراعظم کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔