زچہ و بچہ کی اموات پر قابو پانے اور بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے،میر جان محمد جمالی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی بلوچستان میں دورانِ زچگی ماؤں کی شرحِ اموات سب سے زیادہ ہے ہمیں زچہ و بچہ کی اموات پر قابو پانے اور بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں غذائیت سے بھرپور خوراک کو یقینی بنانے، عورتوں کی شرح اموات میں کمی لانے اور زچہ وبچہ کی صحت مندی کیلئے حکومتی اقدامات کے علاوہ ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی معاونت اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیشنل ہیلتھ منسٹری ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی کی قیادت میں جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں مختلف انٹرنیشنل اداروں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا UNFPA کے کنٹری نمائندہ (Dr Luay Shahbaneh) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی قلیل مگر بہت منتشر ہے جس کی وجہ سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا یقیناً ایک مشکل کام ہے. غربت اور پسماندگی کی وجہ صوبہ کے دورافتادہ اضلاع میں عوام کو گوں نا گوں مسائل و مشکلات کا سامنا ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام سرکاری اور انٹرنیشنل ادارے دورافتادہ اضلاع کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں