پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،سردار سربلند جوگیزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے آنے والادور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہے عوام نے بلوچستان میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کو جس طرح کامیاب کرایا انشاء اللہ آنے والے انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی بھر پور کامیابی حاصل کریگی،عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے اور عوام کو آپس میں لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہے عوام نے فتنہ مارچ کو مسترد کردیا ہے جس سے پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،محی الدین رند،صوبائی رہنما انجینئر ہادی عسکری،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاسم خان اچکزئی،صوبائی ریکارڈ سیکرٹری درمحمد ہزارہ،صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سردارعمران بنگلزئی نے ہزارہ ٹاون کرانی روڈ پر پیپلزپارٹی کے رابطہ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قاسم اچکزئی،ملک ذیشان حسین،ندیم احمد خان،عیسی خان ہزارہ،اختر بلوچ،سمیع خان بڑیچ،حیدر درانی،رحمت اللہ،اوردیگر بھی موجود تھے۔مقرین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تعصب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت پریقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی کو ہر دور میں ختم کرنے کی سازشیں ہوتی رہی ہیں پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کا خواب د یکھنے والے خود ختم ہوگئے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہےً بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا قافلہ رواں دواں ہے پارٹی کی قیادت سے لے کر کارکنوں نے قربانیاں دے کر نہ صرف پارٹی کو مضبوط کیا بلکہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو بھی مضبوط کیاہے،پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان میں رہنے والے غریب عوام، مزدوروں،کسانوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے شہادتیں دیں، جیلیں کاٹیں لیکن کبھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا، آج پھر شہیدوں کے وارث بلاول بھٹو آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی کیلئے میدان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2023کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں کلین سوئیپ کریگی اور وفاق سمیت صوبوں میں حکومتیں بنائے گی۔انہوں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو پارٹی نے بلا رنگ و نسل خواتین،مزدوروں اور عوام کی خدمت کی ہے پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میں لاکھوں کی تعداد میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیاجبکہ پی ٹی آئی کے چار سال کے دورحکومت میں لاکھوں لوگوں کو بے روزگاراور بے گھر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دور اقتدار کے دوران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس سے لاکھوں کی تعداد میں غریب خواتین اور مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے اسے بند کردیاتھا اب موجودہ وفاقی حکومت نے دوبارہ یہ پروگرام شروع کردیا ہے جس میں بلوچستان سے مزید غریب گھرانوں کو شامل کیا جائے گا اورنکی مالی امداد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹاون کے علاقے کرانی روڈپر پیپلز پارٹی کے رابطہ آفس کے قیام پر پارٹی کے صوبائی رہنما انجینئرہادی عسکری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹاون اور مری آباد کے علاقے میں آباد ہزارہ اقوام نے سابقہ ادوار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیداوروں کوووٹ دیکر کامیابی دلائی انشاء اللہ آئندہ بھی ہزارہ اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد پیپلز پارٹی کا بھر پورساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اورمذہب پرستوں نے عوام کو آپس میں لڑانے کے سوا کچھ نہیں کیا عوام قوم پرست اور مذہب پرستوں کا احتساب ووٹ کے ذریعے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی اقتدار چھین جانے کے بعد اپنے ہوش و حواس کھوچکی ہیں اور وہ مسلسل قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا پاکستان کے عوام نے عمران نیازی کے فتنہ مارچ کو مسترد کردیا ہے۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اوردیگررہنماوں نے فیتہ کاٹ کر پارٹی کے رابطہ آفس کا افتتاح کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے