گوادر میں باڑ لگانے کے معاملے پر بلوچستان حکومت سے جواب طلب

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے گوادر میں باڑ لگانے کے معاملے پر صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جمال خان کاکڑ اور جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بینچ نے گوادرمیں باڑ لگانے سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کی جس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر، درخواست گزاررکن بلوچستان اسمبلی حمل کلمتی، منیرکاکڑ اور ساجد ترین سمیت دیگر پیش ہوئے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ گوادر میں باڑکے حوالے سے کیا صورتحال ہے، حکومت بتائےکہ گوادرباڑ سے متعلق کیا پالیسی ہے؟

اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گوادرمیں سیف سٹی کے تحت کیمروں کی تنصیب اور سکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر درخواست گزار رکن اسمبلی حمل کلمتی نے کہا کہ گوادر میں باڑ لگاکر شہر کو تقسیم کیا جارہا ہے اور اس صورتحال میں شہر کے لوگوں میں بےچینی پائی جاتی ہے اس لیے گوادر کے عمائدین نے مشاورت کے بعد مجھے عدالت بھیجا۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کیا کہ عوامی مسائل کیوں اسمبلی میں حل نہیں ہوتے، نہیں چاہتےکہ کوئی حکم نامہ جاری کریں اور خدانخواستہ اسمبلی کوڈکٹیٹ کریں، حکومت سے پوچھیں اور ان کے جواب سے آگاہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے