آسام میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملہ؛ ملٹری آپریشن ادھورا چھوڑنا پڑا

دسپور(ڈیلی گرین گوادر) بھارتی ریاست آسام میں علیحدگی پسند عسکری جماعت ’’الفا‘‘ کے جنگجوؤں نے انڈین آرمی کے قافلے پر دھاوا بول دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آسام میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والے فوجی قافلے پر کالعدم یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) کے جنگجوؤں نے گھات لگاکر حملہ کردیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے بھارتی فوج کے قافلے پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ اچانک ہونے والے حملے سے بھارتی فوج کے اہلکاروں نے خوف زدہ ہوکر گاڑی سے اتر کر محفوظ مقام کی جانب دوڑ لگا دی۔یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں بھارتی فوج کی باردوی سرنگ پروف گاڑی کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا جب کہ جان بچانے کی کوشش میں گاڑی سے اتر کر بھاگنے والے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بھارتی فوج نے الفا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کو ناکام بنادیا اور جوابی فائرنگ میں یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کا ایک جنگجو شدید زخمی ہوگیا۔ واضح رہے کہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام ایک علیحدگی پسند تنظیم ہے جو ریاست آسام کی بھارت سے علیحدگی حاصل کرکے ایک آزاد اور خود مختار بننے کے لیے مسلح جدوجہد کر رہی ہے جس کے باعث حکومت نے 1990 میں تنظیم پر پابندی لگا دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے