حکومت بلوچستان کی جانب سے زمینداروں میں بلامعاوضہ گندم کی بیج فراہم کرنے کا سلسلہ جاری

خضدار(این این آئی)حکومت بلوچستان کی جانب سے زمینداروں میں بلامعاوضہ گندم کی بیج فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔خضدار میں گزشتہ دو روز سے گندم کی بیج تقسیم کی جارہی ہے۔ پیر کو ممبر سی ایم آئی ٹی ذیشان الحق کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی اے ڈی سی جی سراج بلوچ نے زمینداورں میں گندم کی بیج ڈسٹریبوشن پوائنٹ کا معائنہ کیا وہاں اسٹاک گندم کی کوالٹی چیک کیا، زمیندار وں سے بات چیت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے ممبر سی ایم آئی ٹی ذیشان الحق اور کمشنر قلات ڈویژن داؤد خان خلجی کو بریفنگ دی اور اب تک کے اسٹاک اور دو روز کے دوران زمینداروں میں تقسیم ہونے والی گندم کی بیج کے تھیلوں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ بتایا، ممبر سی ایم آئی ٹی ذیشان الحق کا کہنا تھاکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے زمینداروں کو بیج کی فراہمی کا مقصد سیلاب سے زراعت کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ اور ربیع فصل کی پیداوار میں اضافہ مقصد ہے اس لئے صاف وشفاف اور دیانتداری کے ساتھ زمینداروں کے اس حق کو ان تک پہنچانا اوّلین ترجیح ہے انسپکشن ٹیم وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی ہدایات کے تحت خضدار سمیت پورے بلوچستان میں اس شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے تمام پوائنٹس کا دورہ کررہی ہے تاکہ بیج کی تقسیم کار کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیکر اس عمل کو مذید منصفانہ بنایاجائے۔ کمشنر قلات ڈویژن داؤ دخان خلجی کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے زمینداروں کے ساتھ بیج کی صورت میں تعاون اور ریلیف سے کاشتکاری میں اضافہ اور زمینداروں کو گندم کی مد میں نقصانات کا ازالہ ہوسکے گا اس سلسلے میں ڈویڑن کے تمام ڈپٹی کمشنر ز اور محکمہ زراعت کے آفیسرز کو پہلے ہی ہدایت کر دی گئی تھی کہ وہ ایک اچھا میکنزم بنائیں اور اس عمل کو صاف و شفاف طریقے سے پائیہ تکمیل تک پہنچائیں جو زمیندار ہیں اور ان کے پاس زرعی زمین ہیں ان کو اس بیج سے ضرور استفادے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجرریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ ایک نظم کے تحت حقدار زمینداروں کو گندم کی بیج فراہم کی جارہی ہے اس سلسلے میں ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہے اور ان کی نگرانی میں رجسٹریشن مکمل کرکے انہیں گندم کی بیج مفت فراہم کی جارہی ہے اور گندم تقسیم کرنے کا سلسلہ دو دن سے جاری ہے اب تک گیارہ سو زمینداروں میں گندم کی بیج تقسیم کردی گئی ہے اور یہ سلسلہ صفاف وشفاف طریقے سے جاری رہیگا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ دستیاب گندم اسٹاک کے دائرہ کار میں رہ کر کوشش ہے کہ رجسٹریشن عمل کے تحت زمینداروں کو گندم کی بیج فراہم کی جائے اور خضدار کے تمام تحصیلوں پر برابری کی بنیاد پر گندم کی بیج تقسیم کی جارہی ہے جیسے ہی گندم کی کھیپ آتی جائے گی وہ ضابطہ کے بعد زمینداروں میں تقسیم کرتی جائے گی انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان چیف سیکریٹری بلوچستان اور کمشنر قلات ڈویڑن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں گندم کی بیج تقسیم کرنے کے عمل کی تمام انتظامیہ از خود نگرانی کررہے ہیں اور اس سلسلے میں کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں تاکہ زمینداروں میں گندم کی بیج منصفانہ انداز میں تقسیم کی جائے۔ خضدار ڈسٹریبیوشن پوائنٹ کے موقع پر پی ایس ٹو ڈی سی محمد مراد گزوزئی سینئر سپریٹنڈنٹ آفیسر عبدالنبی شیخ محکمہ زراعت کے ایگزیکٹو آفیسرزو دیگر منیراحمد مینگل محمد اسحاق نادر مسیح عبیداللہ عبدالغفار موسیانی ودیگر موجود تھے جو کہ ڈسٹریبوشن پوائنٹ پر ذمہ داری نبہارہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے