خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور، متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کل تک لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ محمد آصف کو راہداری ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کل تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

خواجہ آصف کو گزشتہ رات نیب لاہور نے اپنی حراست میں لیا تھا اور ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد انہیں نیب لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ انہیں گزشتہ رات طبی معائنہ کرکے نیب راولپنڈی کے آفس رکھا گیا تھا۔

پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دو سالوں سے کیس بھگت رہا ہوں، لیکن نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں، مجھ سے کہا جارہا ہے نواز شریف کو چھوڑ دو، ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ نیب لاہور خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے