بلوچستان کے پر آشوب حالات اور زمینی حقائق سیاسی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے، میر اسرار زہری

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صدر میر اسرار اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی قوم پرست سیاسی جماعتیں بلوچستان نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے قائدین سے بلوچ عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔کچھ دنوں سے دونوں قوم پرست جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بلوچ عوام اور بلوچستان کے سیاسی ماحول کے لیے نیک شگون نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کے قائدین اور کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلاف رائے کو سیاسی طریقے سے مل بیٹھ کر کم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ بلوچستان کے پر آشوب حالات اور زمینی حقائق سیاسی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے۔بلوچستان کے مجموعی سیاسی ماحول کو سیاسی عمل، باہمی اخوت، پیار، محبت، آئینی اصولوں کے تحت عوام اور پارٹیوں کو آپس میں شیر و شکر ہو کر اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کی فضاءقائم کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ انتشار، باہمی اختلاف اور عدم برداشت نے بلوچستان کو تاریخی حوالے سے ماضی میں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ موجودہ حالات میں اختلاف رکھنے کی کوئی گنجائش نہیںانہوں نے کہا کہ کچھ ایسے عناصر کی ضرور یہ کوشش ہوگی کہ بلوچستان کے قوم پرست پارٹیوں میں سیاسی انارکی جاری رہے حقیقی قومی نمائندہ جماعتوں کو باہمی اختلافات میں الجھا کر انھیں ان کے قومی جہدوجہد سے دور رکھا جا سکے وہ اس عمل میں ہمارے اندر سے ہمیں اختلافات کے جال میں پھنسا کر اپنے مذموم عزائم حاصل کرنا چاہتے ہیںانہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدترین پسماندگی، احساس محرومی، سیاسی جمود کے ذمہ دار ہمارے اپنے باہمی دوری رہی ہے اس باہمی دوری کا فائدہ اٹھا کر غیر سیاسی اور انتشار پھیلانے والے عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے سیاسی ماحول کو زرخیز بنانے کے لئے ان کے حقیقی سیاسی جماعتوں کو اپنے غیر حقیقی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اپنے عظیم سیاسی مقاصد کے لیے آگے بڑھنا چاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے