اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار لانگو کی تجاوزات کے خلاف کارروائی،35افراد گرفتار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار لانگو نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے35 افراد کو گرفتار کرلیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے باعث جہاں ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں وہاں عوام بھی مشکلات کا شکار رہتی ہے انتظامیہ کسی کو بھی دکانوں کی حدود سے باہر تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،انسداد تجاوزات مہم کے دورا ن سیٹلائٹ ٹاؤن، نیو اڈہ،غوث آباد ودیگر علاقوں سے متعدد تجاوزات کو ہٹا دیاگیا اور راستوں کو صاف کردیا گیا۔جبکہ تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی توقع ہے تاجر برادری اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریگی۔انہوں نے کہاکہ کویٹہ شہر ہم سب کا ہے اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا اور درپیش مسائل کا حل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی شکایات پر سیٹلائٹ ٹاؤن میں قائم علاو الدین شادی ہال کیخلاف کارروائی بھی کی کیونکہ کئی روز سے رہائشیوں کی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ ہال میں رات گئے موسیقی کے پروگراموں کے باعث انہیں پریشانی کا سامنا ہے اس حوالے سے ہال انتظامیہ کو تنبیہ کی گئی کہ رات بارہ بجے کے بعد پروگرام کا انعقادنہ کریں بصورت دیگر ہال کو سیل کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔