پاک فوج کیخلاف غلیظ زبان کا استعمال و الزامات ناقابل برداشت ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) اپنے ملک اور اپنی قوم کے تحفظ اور دفاع کے حوالے سے پوری قوم اور پاک فوج کا عزم نہایت پختہ اور غیرمتزلزل ہے۔پاک فوج کیخلاف غلیظ و گندی زبان استعمال کرنے اور گھٹیا الزامات ناقابل برداشت اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔ پاک فوج انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار قومی ادارہ ہے۔ان خیالات کا اظہار نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے پاک فوج کے جس اعلیٰ افسرکا نام لے کر الزامات لگائے گئے ہیں وہ پاکستان کا مان اور قابل فخر افسر ہیں اور انہیں ایک نہایت اعلیٰ اورپروفیشنل آفیسر کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس افسر نے پورے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کئے جو دہشت گردی پر قابو پانے میں انتہائی مددگار ثابت ہوئے ہیں۔اب عمران نیازی اور ان کے حواری اس افسر پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں جس کا واحد مقصد ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا ہے۔عمران خان اور ان کی پارٹی کی جانب سے اعلیٰ شخصیات بالخصوص پاک فوج کے ایک اعلیٰ افسر کے خلاف الزامات ناقابل قبول اور افسوسناک ہیں۔یہ الزامات کسی بھی طرح ملکی مفادات میں نہیں۔ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بے بنیاد اور بے سروپا الزامات کا پاک فوج کی جانب سے حقیقت پسندانہ اور موثر جواب دیا جاچکا ہے اور لیکن اب بھی فتنہ خان اور ان کے حواریوں کی جانب سے ملک دشمنی کے مترادف بیانات اور ناقابل برداشت بیانات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس کو پوری محب وطن قوم شدید الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے اعلیٰ اداروں اور ان کے افسران کے خلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کئے جارہے ہیں جو کہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ عمران خان کی پاک فوج کے خلاف مہم جوئی کو ہمارے ازلی دشمن بھارت میں بے حد پذیرائی مل رہی ہے اور بھارت کے مطابق عمران خان نے وہ کام کیا جو ہم 75 سالوں میں نہ کر سکے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اقتدار کے حصول کے لئے ہر ناجائز ہتھکنڈہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہی۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اُن کی اس گھٹیا حرکت سے ادارے ان کے پریشر میں آ جائیں گے۔ لیکن یہ اُن کی بھول ہے کہ پاک فوج جیسا ادارہ ان کی گیدڑ بھبھکیوں میں آجائے گا۔ پاک فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے۔ پاک فوج کا ایک مضبوط اور انتہائی موثر اندرونی احتسابی نظام ہے۔ پاکستانی قوم پاک فوج یا اس کے جوانوں اور افسروں کے لئے غلط زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور ہر ایسے منفی پروپیگنڈہ اور غلیظ زبان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاک فوج انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار قومی ادارہ ہے اور اس بات پرکسی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں کہ پاک فوج صرف اور صرف پاکستان کی سلامتی، مفادات اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو فوقیت دی ہے اور اس کے جوانوں اور افسروں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ہمارے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت کی ہے۔ یہی پاک فوج ہے جس کی موجودگی کی باعث دشمن آج بھی پاکستان کی جانب ٹیڑھی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کہا کہ ساری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان کی سیاسی صورتحال پر ہے اور دشمن پاکستان کی اس نازک صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار بیٹھا ہے۔ ایسے میں عمران خان اور ان کے ٹولے کی جانب سے اہم شخصیات خاص کر پاک فوج پر الزام تراشی اور تصادم کسی صورت قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کا ٹولہ ملک کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے۔پی ٹی آئی کی قیادت کے اس ملک دشمن اقدام کی وجہ سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ پاک فوج کے خلاف منفی باتیں کرنے اور من گھڑت الزامات لگانے والوں کامکمل بائیکاٹ کیا جائے اوران الزامات کی مکمل انکوائری کی جائے تاکہ اس منفی اور گھٹیا مہم جوئی کے پس پردیہ چھپے مقاصد ہیں وہ سب کے سامنے آسکیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے جو بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے اُس کے خلاف قانون و آئین کے مطابق کارروائی کی جائے۔ پاکستانی قوم عمران خان اور ان کے حواریوں کی جانب سے ملک کوانتشا رکی جانب دھکیلنے اور غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کو مستر د کرتی ہے اورملکی سلامتی اور مفادات کے لئے پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔