کالج اساتذہ کے معاشی مسائل حل کئے جائیں،بی پی ایل اے پروگریسو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پروگریسیو) کے رہنماؤں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کالج اساتذہ کی اپ گریڈیشن، ہیلتھ کارڈ کے اجراء،معاشی اورپیشہ ورانہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ پروفیسرز و لیکچررز مزید بہتر انداز میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے اپنا فعال ومتحرک کردار ادا کرسکیں،پروگریسیو پینل کسی کے بغض میں نہیں بلکہ پروفیسرز کے روشن مستقبل کی خاطرفعال جدوجہد کی غرض سے عمل میں آیا ہے ایک فعال تنظیم ہی کالج اساتذہ کے روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتی ہے، زیارت، ہرنائی اور سنجاوی کے پروفیسرز بی پی ایل اے الیکشن میں انتخابی نشان مشعل پر مہر لگا کرپروفیسرز کے وقار و سربلندی کے حق میں اپنا فیصلہ صاد ر کریں، پروگریسیو پینل کالج اساتذہ کو کسی بھی موڑ پر مایوس نہیں کرے گا۔ ان خیالات کااظہار بی پی ایل اے پروگریسیو پینل کے صدارتی امیدوار پروفیسر آغا زاہد، پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ، پروفیسر شمس اللہ خان ودیگر نے گزشتہ روز زیارت اور ہرنائی کالجز میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پروفیسرز سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کالج اساتذہ کے مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوں گے جب تک ان مسائل کو اجاگر نہیں کیا جاتا ماضی میں کالج اساتذہ کے مسائل اجاگر ہی نہیں ہوئے جبکہ اس بات کا کریڈٹ بی پی ایل اے پروگریسیو کی کابینہ کو جاتا ہے جس نے 2018سے2022ء کے دوران نہ صرف تنظیم میں نئی روح پھونکی بلکہ اہم اہداف بھی حاصل کئے لیکن بدقسمتی سے پچھلے دو سال کے دوران انتہائی اہم مواقع ضائع کئے گئے جس کی بنیادی وجہ کابینہ کی غیر فعالیت اور اجتماعی مسائل سے روگردانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلندو بانگ دعوے نہیں کرتے لیکن یہ یقین دلاتے ہیں کہ تنظیمی فعالیت کے ساتھ اجتماعی مسائل کے حل کے لئے ہر حد تک جائیں گے اور کالج اساتذہ کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کریں گے۔دریں اثناء بی پی ایل اے پروگریسیو کے جاری کردہ بیان میں جاری الیکشن مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینل کے رہنماء بلوچستان بھر کے کالجز کے دورے کرکے کالج اساتذہ سے ملاقاتیں کررہے ہیں تاکہ انہیں پینل کے انتخابی منشور ترجیحات او راہداف سے متعلق اعتماد میں لیا جائے صوبہ بھر کے کالجز سے پروفیسرز و لیکچررز پروگریسیو قیادت پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے بھرپور تعاو ن کی یقین دہانی کرارہے ہیں پینل کے رہنماء جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں آ ج کانک اورمستونگ کالجز کے دورے کریں گے جبکہ جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں 7نومبر کو منگچر، قلات، سوراب، 8نومبر کو خضدار، بیلہ،9نومبر کو حب، وندر، اورماڑہ، 10نومبر کو پسنی اور گوادر،11نومبر کو تربت اور ہوشاب،جبکہ12نومبر کوپنجگورگرلز وبوائز کالجز کے دورے کئے جائیں گے۔بیان میں کالج اساتذہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ24نومبر کو انتخابی نشان مشعل پر مہر لگا کر پروگریسو پینل کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پروگریسو پینل کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے فعال ومتحرک کردار ادا کرتا رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے