لیویز کو انفارمیشن ٹیکنالوجی،قانون،دہشتگردی سے نمٹنے اور امن وامان برقرار رکھنے کے بارے میں خصوصی تربیت دی جارہی ہے،قادر بخش پرکانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کینٹ میں بلوچستان لیویز فورس کو لائٹ کمانڈو ٹریننگ دینے کی آٹھویں پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اضلاع کے سینکڑوں لیویز اہلکاروں نے حصہ لیا۔پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب کے مہمان خاص ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس قادر بخش پرکانی تھے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں دو ماہ کی تربیت کے دوران پاس آوٹ ہونیوالے لیویز کے جوانوں نے سنیپ چیکنگ، ویپن ہینڈلنگ، وی آئی پی پروٹیکشن، کلوز کواٹر بیٹل اور ان آرمڈ کومبیٹ سمیت دیگر شاندار تربیتی مہارتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا جس سے شرکاء خوب محضوض ہوئے اور تالیوں کی گونج سے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔پاک آرمی کے میجر محمد اعجاز نے ٹریننگ کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس قادر بخش پرکانی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی بلوچستا ن لیویز فورس قادر بخش پرکانی نے کہا کہ جوانوں کی فزیکل فٹنس، سنیپ چیکنگ اور ویپن ہینڈلنگ اپنی مثال آپ ہے۔ لیویز کے جوان بہترین تربیت حاصل کرکے پاس آوٹ ہورہے ہیں پاک آرمی جیسی ٹریننگ لیویز کے جوانوں کو دی گئی ہے پاس آوٹ ہونیوالے لیویز کے جوان نہ صرف لیویز فورس بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کریں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان لیویز فورس کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تربیتی کورس کا حصہ بنایا گیا لیویز کو انفارمیشن ٹیکنالوجی،قانون،دہشتگردی سے نمٹنے اور امن وامان برقرار رکھنے سمیت اخلاقی اقدار کے بارے میں بھی خصوصی تربیت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بحالی سمیت قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔موجودہ حالات کے پیش نظر پاک آرمی ٹرینرز نے لیویز فورس کے جوانوں کو جدید تربیت سے بھی آراستہ کیا ہے لیویز کے جوانوں کو جدید ٹریننگ دینے پر پاک آرمی کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔انہوں نے تربیت مکمل کرنیوالے جوانوں کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ لیویز کے جوان دوران ڈیوٹی اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کریں گے اور لیویز کا مثبت تاثر قائم رکھتے ہوئے عوام اور لیویز کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم رکھیں گے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس قادر بخش پرکانی نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں شیلڈ تقسیم کئے۔ اس موقع پر کمانڈنٹ بلوچستان لیویز ٹریننگ سینٹر خضدار کرنل (ر) انور بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاک آرمی کے میجر اعجاز نے ڈی جی بلوچستان لیویز قادر بخش پرکانی کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے