سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہورمیں زمینوں پر قبضہ کرنے کے مقدمے میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ملزم دوست مزاری کی طرف سے سید فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا۔
وکیل فرہاد علی شاہ نے مؤقف پیش کیا کہ اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے الیکشن کے بعد پنجاب حکومت مخالفت کررہی ہے۔ دوست مزاری نے وزیراعلی کے الیکشن میں بھی آئین کے مطابق کردارادا کیا تھا۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ اینٹی کرپشن کے نوٹسز کو معطل کرنے کا حکم دے چکی ہے۔
دوست محمد مزاری کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی آر قانون کے برعکس درج ہوئی۔ ریکارڈ برآمد کرنے کی بنیاد پر ریمانڈ لیا جارہا ہے۔پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش اور ریکارڈ کی ریکوری کیلئے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ جس پر عدالت نے دوست محمد مزاری کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کردی۔