مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیناتعلیمی معیار اور ادارے کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پروفیسر شفیق الرحمان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جامعہ بلوچستان کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیزاینڈ ریسرچ کا 165واں اجلاس زیر صدارت جامعہ کے وا ئس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان منعقد ہوا۔ جس میں جامعہ کے پرووائس چانسلرڈاکٹر عین الدین آغا، ڈین فیکلٹیز، سینئر اساتذہ، جامعہ کے رجسٹرار سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی، تحقیقی امور زیر غور لائے گئے۔ جس میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے حصول، ایم فل، پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز، مستقبل کے تعلیمی منصوبے، کارکردگی رپورٹ، داخلوں اور امتحانات کیطریقہ کارسمیت مختلف معاملات کا جائزہ لیاگیا اور مختلف فیصلے کئے گئے۔ اور مختلف شعبہ جات کے لئے ایم فل، پی ایچ ڈی اسکالرزکو ڈگری کے لئے منتخب کیاگیا۔وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیناتعلیمی معیار اور ادارے کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ اور جدید تحقیق کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے اسکالرز کی رہنمائی اور کارآمد تخلیق کو پروان چڑھانے کے لئے موضوعات کا انتخاب ضروری امر ہے۔ تاکہ تحقیق و تخلیق کے اصل مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کی ترقی اور طلبہ کو بہتر تعلیم و تحقیق کی جانب راغب کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور مارکیٹ سے مطابقت رکھنے والے شعبہ جات کے قیام کو ممکن بنانے کے لئے پالیسیاں ترتیب دیئے جائیں گے۔بعدازاں جامعہ کے وائس چانسلر نے جامعہ کے ایمپلائز ایسوسی ایشن کے حلف برداری تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر نو منتخب صدر شاہ علی بگٹی، لالاسلطان، اساتذہ اور افیسران بھی موجود تھے۔وائس چانسلر نے نو منتخب کابینہ کے تمام اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ترقی کے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ اور جامعہ کے ملازمین اپنی محنت لگن اور کارکردگی سے جامعہ کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔تقریب سے نو متخب صدر، جنرل سیکریٹری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ادارے کی ترقی کے لئے اور ملازمین کے فلاؤ بہبود کے لئے مثبت کردار ادا کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔