ججز اور وکلاء کا مقصد فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا ہے،جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ وکلاء اور جج صاحبان کا عہد ہے کہ جو بھی سائل ہمارے پاس آتا ہے اسکو جلد اور سستا انصاف فراہم کریں۔اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز 4 سال پہلے کیا گیا تھا جس کا مقصد سائلین کی خدمت ہے، وکلاء اور جج صاحبان کی کاوشوں سے جوڈیشل کمپلیکس کی بنیاد رکھی گئی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جوڈیشل کمپلیکس بنانا عدلیہ یا وکلاء کا کام نہیں بلکہ انتظامیہ کی ذمہ داری تھی لیکن 60 سال میں کسی کو اس کا احساس نہیں ہوا۔جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہم سب جج صاحبان نے جیل میں قیدیوں سے پوچھا کہ انکی سب بڑی تکلیف کیا ہے؟ تو سب کا ایک ہی مسئلہ تھا کہ بیشتر کے پاس وکیل نہیں تھے اور نہ وہ وکیل کرنے کی استطاعت رکھتے تھے، اس بات میں کوئی عار نہیں کہ ہمارے نظام کو تبدیل ہونا ہے، میری دعا ہے عدالتوں میں سائلین کو فوری اور سستا انصاف ملے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جج صاحبان اور وکلاء نے ملکر ایک اصلاحاتی پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا پہلا مقصد جوڈیشل کمپلیکس تھا۔ وکلاء اور جج صاحبان کا عہد ہے کہ جو بھی سائل ہمارے پاس آتا ہے اسکو جلد اور سستا انصاف ملے گا اور ہم اپنی اس منزل کو حاصل کریں گے۔ ہمارا مقصد اپنے سائل اور عوام کا اعتماد عدلیہ پر بحال کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے