عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف لانے کی پیشکش کی تھی، وزیر اعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے مذموم مقاصد کے لیے مارچ کر رہے ہیں۔ عمران خان نے مشترکہ طور پر آرمی چیف لانے کی پیشکش کی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیوبرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کی آواز زور سے گونجتی ہے اور سنی جاتی ہے جبکہ میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا فالوور نہیں رہا۔ مجھے کہا جاتا تھا کہ آپ اتنا کام کرتے ہیں اس کی تشہیر نہیں ہوتی جبکہ سوشل میڈیا کی آواز کو پوری دنیا میں سنا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسی محفل میں نہیں بیٹھتا جہاں صرف تعریفیں ہوں۔ سعودی عرب کے دورے میں شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی کابینہ سے ملاقات ہوئی اور شہزادہ محمد بن سلمان نے سرمایہ کاری سے متعلق یقین دہانی کرائی۔ شہزادہ محمد بن سلمان دل کھول کر پاکستان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب برادر ملک ہے ان سے اسلامی رشتہ ہے اور سعودی عرب نے اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پورا پاکستان ان کا والہانہ استقبال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی چین جانے والا ہوں اور چین کا ہم سے دوستانہ رشتہ ہے۔ دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے۔ یہ تعلق 2015 میں نئی شکل اختیار کر گیا جب نواز شریف اور چینی صدر کے درمیان اہم معاہدے ہوئے۔ ان معاہدوں کے تحت سی پیک کا منصوبہ سامنے آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے