سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں غیرحاضر16 اسٹاف نرسزکواظہار وجوہ کے نوٹس جاری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں عرصہ دراز سے غیر حاضر سولہ اسٹاف نرسز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاطر خواہ اور تسلی بخش جواب نہ دینے پر غیر حاضر ملازمین کو برطرف کردیا جائیگا۔ بدھ کو سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ کے دفتر سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق مختلف شعبوں میں تعینات سولہ ایسے اسٹاف نرسز کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جو عادی غیر حاضر ہیں یا مختلف حیلے بہانوں سے اپنی جائے تعیناتیوں پر ڈیوٹی نہیں کررہے ان تمام نرسنگ اسٹاف کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جن میں بخت زرمینہ، گل جبیں، رضیہ اشرف، حلیمہ، مریم، روبینہ، ریحانہ، ثمینہ، شائستہ عمران، زینت اکبر، زوبیہ عندلیب، محمد اختر، جواد، رضوان اکرم، سائرہ بشیر، عائشہ رمضان شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام غیر حاضر جنرل نرسنگ اسٹاف کو بارہا ڈیوٹی پر حاضر باش رہنے کی ہدایت کی گئی تاہم انہوں نے اپنے فرائض سے دانستہ غفلت برتی جس پر محکمہ صحت بلوچستان کے اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کردی گئی ہے ان غیر حاضر جنرل نرسز کو ایک بار پھر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی پر حاضر ہو کر اپنی گزشتہ غیر حاضری کا تسلی بخش جواب دیں بصورت دیگر ان کے خلاف ملازمت سے برطرفی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مقررہ مدت کے بعد ان کا کوئی عذر و اعتراض قابل شنوائی نہیں ہوگا اور نہ ہی وہ عدالت سے رجوع کرنے کا حق رکھیں گے۔
٭٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے