قوموں کامستقبل کتاب وعلم سے وابستہ ہے اوراس کے ذریعے ہی قوموں کی بدحالی سے نجات ممکن ہے، نوابزادہ لشکری رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ قوموں کا مستقبل کتاب و علم سے وابستہ ہے اور اس کے ذریعے ہی قوموں کی بدحالی سے نجات ممکن ہے، آج ہم جن حالات سے گزرہے ہیں اس کی بڑی وجہ علمی پسماندگی ہے جس کی بنیاد پر بعض لوگ عوام کو بہلاکر اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو نواب غوث بخش رئیسانی گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ نواب غوث بخش رئیسانی گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کا قیام وقت کی ضرورت تھی اسکول میں جو بھی کمی ہے حکومت کوشش کرکے اس کو دور کرنے کے ساتھ اسکول کو ترقی دے تاکہ سریاب میں تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلباء و طالبات اپنی توجہ علم اور کتاب کی جانب مرکوز کرکے اس کو اپنی زندگی کا حصہ بناکر ایک تحریک بنائیں، کتاب دوست تحریک کو تیز کرکے ہم بہت جلد اس قومی بحران سے نکل کر ایک باوقار قوم کی حیثیت سے خطے میں زندگی گزارئیں گے،اگر ہم صرف ذاتی مفاد کے لئے صرف ملازمت کے حصول کیلئے کتابوں سے تعلق رکھیں گے تو اس سے آنے والے دنوں میں مزید بدترین حالات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب آبادی میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری جانب دیگر ممالک کے لوگوں کو بھی یہاں لایا گیا ہے وسائل میں بھی کمی آرہی ہے جس سے مزید محکمومی اور محرومی ہماری زندگی میں آئے گی ایسے میں کتاب کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس بحران سے نکل پائیں۔ دورے کے موقع پر نوابزادہ لشکری رئیسانی کو اسکول کے گورنرنگ با ڈی کے رکن سابق کمشنر کوئٹہ نسیم لہڑی نے لائبریری سمیت اسکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرایا۔