شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کے قافلے پرحملہ،ایک جوان شہید،7 زخمی

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 34 سالہ نائیک یاسین شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان بھی زخمی ہوئے۔ دو دہشتگردوں ‌کو جہنم واصل کر دیا گیاپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں حملہ کرنے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 34 سالہ نائیک یاسین شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان زخمی ہو گئے۔ شہید نائیک یاسین کا تعلق ملاکنڈ سے تھا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا 22 سالہ جوان مختار شہید ہو گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دے کر دشمن کو بھاری جانی و مادی نقصان پہنچایا۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں کارروائی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی ، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شعیب شہید جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک گرفتار کر لیا گیا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور کمیونی کیشن کے آلات برآمد کر لئے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے