کیڈٹ کالج جعفرآباد کی بحالی کیلئے بھرپوراقدامات کئے جائیں گے، میرجان محمد جمالی
اوستہ محمد(ڈیلی گرین گوادر)قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد خان جمالی نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے کالج کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے انشاء اللہ جلد کیڈٹ کالج کو بحال کرنے کیلئے کام شروع کیا جائے گا۔ یہ با ت انہوں نے کیڈٹ کالج جعفرآباد کے دورے کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے کیڈٹ کالج میں ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کیڈٹ کالج جعفرآباد کے پرنسپل بریگیڈئیر مظہر عجائب نے کیڈٹ کالج جعفرآباد سیلاب اور بارشوں ہونے والی تباہی پر تفصیلی بریفنگ دی اور میر جان محمد خان جمالی کو کیڈٹ کالج جعفرآباد کا دورہ بھی کروایا۔میر جان محمد خان جمالی نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ہمارے علاقے میں بہت تباہی ہوئی ہے جس کی بحالی کیلئے مختلف اداروں سے ملکر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج جعفرآباد کے پرنسپل بریگیڈئیر مظہر عجائب نے قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد خان جمالی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے پانی نے کیڈٹ کالج جعفرآباد کو بہت نقصان پہنچایا ہے مسلسل پانی کی وجہ سے ہمارے کالج کی سڑکیں،کمروں کی چھتیں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھاری مشینری کے ذریعے کیڈٹ کالج سے بارشوں اور سیلابی پانی نکالا گیا ہے پانی نے کالج کو بہت نقصان دیا ہے انشاء اللہ 25 اکتوبر سے جلد کیڈٹ کالج جعفرآباد میں پرائمری سیکشن شروع کر دیا جائے گا۔