بی این پی محنت کش طبقہ کوقدروعزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، موسی بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کا ایک وفد مرکزی لیبر سیکریٹری موسی بلوچ کی سربراہی میں بلوچستان سول سیکریٹریٹ ایسوسی ایشن کے دفتر گئے وفد میں ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری، جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ، لیبر سیکریٹری عطا اللہ کاکڑ اور میر سعید خان عالیزئی شامل تھے۔ وفد نے ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی حاجی عبدالکریم جتک، صدر کامریڈ یونس زہری،جنرل سیکرٹری حاجی قائم خان کاکڑ، سینئر نائب صدر خالقداد رند، جونئیر نائب صدر محمد عارف کھوکھر، سینئر جوائنٹ سیکرٹری جاوید بلوچ، جوائنٹ سیکرٹری ملک عطا اللہ شاہوانی، پریس سیکرٹری لعل محمد بگٹی، رابطہ سیکرٹری حاجی عاشق حسین مگسی، سپورٹس سیکرٹری ضیا اللہ بنگلزئی، فنانس سیکریٹری میر ظفر زہری، ڈپٹی فنانس سیکرٹری ماما عبداللطیف، ڈپٹی سپورٹس سیکریٹری روی مسیح، آفس سیکرٹری ادریس سرپرہ اور انفارمیشن سیکرٹری حاجی محمد یونس سے ملاقات کی اور انہیں اپنی طرف سے اور قائد سردار اختر جان مینگل کی جانب سے حالیہ الیکشن میں شاہین پینل کے نام سے کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی محنت کش طبقہ کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہمیشہ ان کی جدوجہد اور حقوق کے حصول کے لئے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، سول سیکریٹریٹ میں ملازمین کی نمائندہ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا اور ہم امید کرتے ہیں کہ کامریڈ یونس زہری کی سربراہی میں فیڈریشن ملازمین کے حقوق کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور سول سیکریٹریٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ بلوچستان کی پسماندگی اور ناگفتہ بہ حالت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے اگر یہاں کی حکومت اور سول بیوروکریسی شفاف طریقے سے کام کرے اور عوام کو ریلیف دینے میں کوتاہی نا کرے تو یقینا اس صوبے کی حالت میں بہتری لائی جا سکتی ہے جس کے لئے محنت اور سرزمین سے محبت لازمی ہے۔ حالیہ ایسوسی ایشن کے کابینہ میں محنت اور صلاحیت موجود ہے اور عوام کو ان سے بہت سے توقعات وابستہ ہیں۔ بی این پی ہر وقت ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ سول سیکریٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر کامریڈ یونس زہری نے بی این پی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محنت کش طبقہ کے حقوق کا تحفظ ہمارا مشن ہے اور ہم اس مشن میں ا?پ سب دوستوں کے تعاون سے کامیاب ہو کر نکلیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے