1597نئی سکیمات میں سے1429 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہوچکی ہے،جام کمال

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلا س میں صوبے کے جاری اور نئے ترقیاتی سکیمات، 15فیصد سے یا اس سے کم ترقیاتی سکیمات کیلئے مختص کردہ فنڈز میں تبدیلی، مختص کردہ فنڈز سے تجاوز ہونے والی سکیمات اور کوویڈ 19-ریسپانسیو اور دیگر قدرتی آفات سے متعلق کنٹرول پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات میر عارف جان محمد حسنی، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور دھنیش کمار، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیاتی عبدا لصبور کاکڑ، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری پی ایچ ای صالح محمد ناصر، سیکرٹری آبپاشی علی اکبر بلوچ، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام نے وفاق اور صوبے کے تعاون سے جاری کوویڈ 19-ریسپانسیو اور دیگر قدرتی آفات کنٹرول پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ مذکور پروگرام وفاق اور صوبے کے اشتراک سے ترتیب دیاگیا ہے جس کے تحت ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں صحت کی سہولیات کو بہتر کرنے کے قومی پروگرام، پانی، سینٹیشن اور ہائی جین، مقامی انفراسٹکچرکی بہتری، کانگو وائرس اور جانوروں کی دیگر بیماریوں کے بچاؤ سے متعلق ویٹرنری کلینکس، واٹر سپلائی، سیوریج، ذریعہ معاش کی بہتری اور زراعت کے شعبے میں ٹنل فارمنگ کے فروغ سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیاگیا اس کے علاوہ اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی ترقیاتی سکیمات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ 1597نئی سکیمات میں سے1429 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہوچکی ہے اور اب تک جاری اور نئی سکیمات کیلئے 42ارب روپے سے زائد فنڈز کا اجراء کیاگیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے موثر اقدامات کرتے ہوئے پانی، سینی ٹیشن اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر انفراسٹرکچراور ذریعہ معاش کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوویڈ 19-ریسپارنس پروگرام کے تحت کانگو وائرس کے سدباب کیلئے مراکز لائیو اسٹاک کو مزید بہتر کرتے ہوئے سپرے کا انتظام بھی کیا جائے اور صوبے کے جن اضلاع میں جانوروں کی تعداد زیادہ ہے وہاں ویٹرنری کلینکس کو فعال بنایا جائے۔ انہوں نے زراعت کے شعبے میں ٹنل فارمنگ اور زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ، زیارت اور قلات میں ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں ترقیاتی پروگرام کو موثر طورپر رواں رکھنے کیلئے آئندہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون میں تمام ضروری جزیات کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی سی ون کی تیاری میں وہ تمام ضروری چیزیں شامل کی جائیں جس سے ان سکیمات کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ادارو ں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ادرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں احسن کردار کرسکیں۔ انہوں نے محکموں کی ترقیاتی سکیمات کے حوالے سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ مربوط مشاورت کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں آئندہ اس حوالے سے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے