بلوچستان کے تمام اضلاع میں حتمی انتخابی فہرستیں 7 اکتوبر سے شائع کردی جائیں گی،الیکشن کمیشن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر انتظام انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد پورے ملک کی طرح بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی "حتمی انتخابی فہرستیں ” 7 اکتوبر سے شائع کردی جائیں گی۔ یہ انتخابی فہرستیں سیکشن 27 آف الیکشنز ایکٹ 2017 کی روشنی میں گھر گھر تصدیقی عمل اور ڈسپلے سینٹرز کے مرحلوں کے بعد مرتب کی گئی ہیں۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 35 کے تحت شائع ہونے ان انتخابی فہرستوں میں اب سیکشن 37 کے تحت ووٹوں کے نئے اندراجات، تصحیح، تبدیلی یا حذف کا عمل بھی شروع ہو جائے گا لہٰذا عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ووٹ کو 8300 پر چیک کریں اور اگر ان کے ووٹ کا اندراج، درستگی یا تبدیلی مطلوب ہے تو اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر(رجسٹریشن آفیسر) یا قریبی اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر کے دفتر سے متعلقہ فارم حاصل کر کے وہیں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے بلوچستان بھر میں 34 رجسٹریشن آفیسرز یعنی ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں ون ونڈو سینٹرز جبکہ 261 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں "سہولت مراکز” قائم کردیئے گئے ہیں جن کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پر دیکھی جا سکتی ہیں۔یہ بھی واضح رہے کہ ان انتخابی فہرستوں میں ناموں کے اندراجات، تصحیح، منتقلی یا حذف کرانے کا عمل الیکشن شیڈول آنے سے قبل تک جاری رہے گا۔