تعلیمی سرگرمیوں کو طلباء کے تدریسی عمل کا بنیادی جزبنایا جائے، احمد فاروق بازئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا روز اول سے ہی یہ نصب العین ہے کہ تحقیقی اورجدید تعلیمی سرگرمیوں کو طلباء کے تدریسی عمل کا بنیادی جز بنایا جائے تاکہ وہ معاشرے کی بہتری کیلئے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے رہیں۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلربیوٹمز احمد فاروق بازئی نے بیوٹمز اور حبیب بینک کے درمیان باہمی مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے کیا۔بیوٹمز کی جانب سے قائم مقام پرووائس چانسلر ڈاکٹرنذیر درانی اور حبیب بینک لمیٹڈکی جانب سے عرفان قریشی نے یاداشت پر دستخط کئے۔رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر ذاہد رؤف،ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر ڈاکٹرعلی نواز،ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر بختیار کاسی ڈین فیکلٹی آف بیسک سائنسز ڈاکٹر حمد اللہ ترین اور حبیب بینک لمیٹڈکے وفد سمیت جامع کے سینئر اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے طلباء کو گھر بیٹھے اپنے تعلیمی واجبات آن لائن جمع کرانے کی سہولت میسر ہونگی۔ مزید براں اس معاہدہ اکے تحت مستقبل میں طلباء کو اور سہولیات بھی فراہم کی جائینگی جس سے ادارے کی صلاحیتوں میں اضافہ اور نکھار متوقع ہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے عرفان قریشی کی قیادت میں حبیب بینک لمیٹڈ کے وفد کا بیوٹمز پہنچنے پر استقبال کیا اور بیوٹمز کے متعلق جامع بریفینگ دی،وفد نے بیوٹمز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اساتذہ، سنیئر حکام سے ملاقات کی۔ وفد نے جامع کی طرف سے طلباء اساتذہ اور دیگر ملازمین کو فراہم کی گئی سہولتوں کو سراہا۔ اختتام پر وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے عرفان قریشی ہیڈٹرانزیکشن ایمپلائز بینکنگ لمیٹڈ کوسالانہ رپورٹ پیش کی۔