کسی وزیر کے ذریعے کوئی لابی ہم پر دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں،عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی لابی کسی وزیر کے ذریعے ہم پر دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں۔وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ اجلاس میں سیاسی، معاشی اورسیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کابینہ کو کورونا کی حالیہ صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس کے علاوہ پی ڈی ایم کی تحریک اور سینیٹ انتخابات کی تیاریوں پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔

وفاقی کابینہ نے ٹربائن فیول ایوی ایشن ہائی فلیش کی درآمد، سی ڈی اے آرڈیننس 1980 میں ترمیم ، یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے ملازمین پر لازمی سروسز ایکٹ کی توسیع ، ڈی جی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بحری سائنس،زرعی ترقیاتی بینک کے بورڈ کی تشکیل نو اور ایس ٹی ای ڈی ای سی کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ الیکٹرک وہیکل اور موبائل مینوفیکچرنگ پالیسیوں کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا ہر فیصلہ اجتماعی حیثیت میں ہوتا ہے، کوئی لابی کسی وزیر کے ذریعے دباؤ ڈالے یہ قابل قبول نہیں، کسی وزیر کو کوئی لابی تنگ کرے تو وہ کابینہ کو یا مجھے الگ سے بتائے، ہم فیصلے کسی لابی کے دباؤ میں نہیں بلکہ شفاف اور میرٹ پر کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے مردم شماری پر وزراء کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر امین الحق نے رپورٹ کو مسترد کردیا، وفاقی کابینہ نے ایم کیو ایم کے اختلافی نوٹ کے ساتھ رپورٹ کو منظور کرلیا، اختلافی نوٹ میں ایم کیو ایم کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نئی مردم شماری فوری طور پر کروائی جائے۔

وفاقی کابینہ میں ساتویں مردم شماری کرانے کے لئے بھی بات چیت کی گئی جس پر وزرا کی جانب سے رائے دی گئی کہ آئین کے تحت حکومت کسی بھی وقت مردم شماری کروا سکتی ہے، آئندہ مردم شماری میں مرکزی کردار نادرا کا ہونا چاہیے، وفاقی کابینہ نے مردم شماری کے معاملے پر مزید مشاورت کے لئے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے