مانگنے والے حکمرانوں نے صرف مانگنا سیکھا ہے عوام پر دیانت داری سے خرچ کرنا ان کے دستورمیں نہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے لوگوں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب میں حکمرانوں،مقتدرقوتوں نے اکیلا چھوڑدیا ہے مانگنے والے حکمرانوں نے صرف مانگنا سیکھا ہے عوام پر دیانت داری سے خرچ کرنا ان کے دستورمیں نہیں ملک میں بدعنوان سسٹم کی وجہ سے بدعنوانی عروج پر ہے حکمران قومی خزانے کیساتھ متاثرین کیلئے آئی بیرونی امدادبھی ہڑپ کر رہے ہیں جماعت اسلامی بلا کسی اختیار اور اقتدار کے ہر جگہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی دن رات خدمت کرنے میں مصروف عمل ہے۔ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم گئے ہیں جہاں ان کو ہرقسم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی پر نہ صرف ملکی بلکہ عالمی اداروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، حالیہ سیلاب میں ابھی تک ملک بھر کے متاثرین پراربوں روپے کی امدادی اشیاء تقسیم کرچکے ہیں جبکہ سیلاب زدگان کی بحالی اور گھروں میں منتقلی تک خدمت کا یہ کام جاری رہے گا نصیرآباد،کوئٹہ،لسبیلہ،مستونگ،جعفرآباد سمیت دیگر متاثرہ علاقوح میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن کے خیمہ بستی میں جماعت اسلامی نے بہترین سہولیات فراہم کی ہوئی ہیں متاثرین کیلئے کھانے،صاف پانی، بچوں کیلئے دینی اور دنیاوی تعلیم سمیت علاج معالجے کی تمام تر سہولیتں موجود ہیں۔عوام کو ڈبونے والے کرداروں سے لوگ اچھی طرح سے واقف ہوچکے ہیں جو عوام کا درد بیچ کر اپنے بینک اکاؤنٹ اور گدام بھرنے میں مصروف ہیں،آج بھی بلوچستان کے جعفرآباد نصیر آباد کے متاثرہ علاقے سب سے بڑی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے جہاں لوگ اپنے گھروں، فصلوں، قیمتی املاک اور اپنے پیاروں سے محروم ہوکر دربدر ہورہے ہیں جبکہ حکمران ان کے نام پر آنے والے بیرونی امداد کو مستحقین تک پہنچانے کی بجائے ذخیرہ اندوزی اور اقرباپروری کے ذریعے لوٹنے میں مصروف ہیں ایسے لوگوں سے بھلائی کی توقع رکھنا عبث ہے ایسے لوگوں میں ہمدردی اور انسانیت نام کی چیز موجود ہی نہیں، بارش،سیلاب اور حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے آج بلوچستان کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ایسے میں جماعت اسلامی ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے میدان عمل میں موجود ہے، ان شاء اللہ ہم سیلاب متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے