انسانی بنیادوں پر تمام سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، میر جان محمد جمالی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر تمام سیلاب متاثرین کو ریلیف کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں یہ بات خواہش آیند ہے ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے حوالے سے حزب اقتدار اور اختلاف دونوں اپنے اپنے علاقوں میں سرگرم ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے پاکستان کیلئے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جیولین ہارنیس (Julien Harneis) کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک انجنیئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی مشیر گہرام بگٹی، رکن صوبائی اسمبلی زینب شاہوانی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتیں خلیل جارج بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں، بحالی کی سرگرمیوں اور سیلاب زدگان کو ان کی دہلیز پر امدادی سامان پہنچانے کے عمل کو شفاف بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا ہے حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلابوں سے بڑے پیمانے پر مالی و جانی نقصانات ہونے کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے نظام کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے. انہوں نے کہا کہ بہت جلد تمام پارلیمانی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور اس کے علاوہ ہر رکن صوبائی اسمبلی بھی اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو علاقے کے نقصانات سے آگاہ کر سکتا ہے. قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ تمام سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور موجودہ حکومت فیلڈ ریلیف فنڈ اور تعمیر و بحالی کی سرگرمیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے شروعات میں سامان کی منتقلی ایک بڑا چیلنج تھا جس پر متعلقہ اداروں نے کامیاب کاوشوں سے قابو پا لیا. قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیوگوتریس سمیت تمام دوست ممالک اور عالمی اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں مشکل وقت میں ہماری مدد کی.