مریم اورنگزیب سے بدتمیزی،حکومت کا ملزمان کے این آئی سی، پاسپورٹ منسوخی پر غور

لاہور(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن نے لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی بدتمیزی جیسے واقعات کی آئندہ روک تھام کیلئے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔ مسلم لیگ نواز نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بدتمیزی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے جارحانہ حکمت عملی تیار کرلی اور خواتین اراکین اسمبلی سمیت پارٹی عہدیداروں و اراکین پارلیمان کو خفیہ ہدایت نامہ جاری کردیا۔مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا ہے کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے کوئی بھی مخالف سیاسی جماعت کا کارکن بدتمیزی، ہلڑ بازی، ہوٹنگ کرے یا راستہ روکے تو اس کا سختی سے موقع پر ہی جواب دیا جائے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری خفیہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ موقع پر سخت جواب نہ دینے سے مخالفین کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں اور ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے لہذا بدتمیز مخالف سیاسی کارکنوں سے اب انہی کی زبان میں بات کی جائے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کوشش کی جائے کہ عوامی مقامات پر اکیلے نہ جایا جائے، خصوصا خواتین اراکین اسمبلی و پارٹی عہدیدار اس ہدایت نامے پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ہدایت نامے کے مطابق بدتمیزی، ہلڑ بازی، راستہ روکنے اور آوازیں کسنے والوں کی موقع پر ویڈیوز بنائی جائیں اور بدتمیزی کرنے والوں کی ویڈیوز سے شناخت کے لئے نادار سے مدد لی جائے اور ان کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدتمیزی کرنے والوں کے قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سمیت دیگر شناختی و قومی دستاویزات معطل کرنے پر بھی پارٹی غور کرے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق پارٹی کے لیگل ونگز کو بدتمیز مخالف سیاسی کارکنوں کیخلاف قانونی کارروائی میں ہر ممکن ساتھ دینے کی ہدایات جاری کر دی گئیں جب کہ وفاقی وزارت داخلہ مسلم لیگ ن کے اراکین و پارٹی عہدیداروں سے بدتمیزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی میں بھرپور مدد کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے