بلاتحقیق کسی پر الزام لگانا اسلامی تعلیمات کے منافی عمل ہے،مولانا عبد الرحمن رفیق

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین میں نقدرقوم تقسیم کی تقریب کا انعقاد، سینکڑوں خاندانوں میں نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔ اس سلسلے میں تیسرے مرحلے کی عظیم الشان تقریب جامعہ الہدیٰ سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں افراد میں ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مفتی محمد روزی خان ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد ہاشم خیشکی حاجی محمد شاہ لالا مفتی عبد الغفور مدنی حاجی ولی محمدبڑیچ حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ حاجی مولانا حافظ سردار محمد نورزئی حافظ سراج الدین مولانا جمال الدین حقانی مولانا مفتی نیک محمد فاروقی حاجی صالح محمد اور دیگر نے نقدرقوم تقسیم کیں، ضلع امیر مولانا عبد الرحمن رفیق مفتی محمد روزی خان نے تقریب تقسیم نقد رقوم برائے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلاتحقیق کسی پر الزام لگانا اسلامی تعلیمات کے منافی عمل ہے، اس حوالے سے علماء کو زیادہ احتیاط کرنا چاہئے، علماء کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو گمراہی سے بچائے،شریعت کے مطابق ہر معاملے کہ تہہ تک تحقیق کے بعد ہی رائے قائم کرنے کی تاکید کی گئی ہے، بدقسمتی سے بعض لوگ اس حوالے سے لاپرواہی برت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کے کارکنان خدمت انسانیت کو فروغ دے کر زیادہ سے زیادہ تعاون کو شعار بنائیں، بلا تفریق پوری انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہے، انہوں نے کہا کہ انسا نوں سے پیار و محبت اور ضرورت مند انسا نوں کی مددکے عمل کو مذہب اسلام میں تحسین کی نظر سے دیکھا جا تا ہے لیکن دین اسلام نے خد مت ِ انسا نیت کو بہترین اخلا ق اور عظیم عبا دت قرار دیا ہے۔اللہ تعالیٰ نے انسا نوں کو یکساں صلا حیتوں اور اوصاف سے نہیں نوازا بلکہ اْن کے درمیان فرق وتفا وت رکھا ہے اور یہی فرق و تفاوت اس کا ئنات رنگ وبو کا حسن و جما ل ہے، وہ رب چاہتا تو ہر ایک کو خوبصوت،مال دار،اور صحت یاب پیدا کر دیتا لیکن یہ یک رنگی تواس کی شانِ خلاقی کے خلاف ہوتی اور جس امتحان کی خاطر انسان کو پیدا کیا ہے، شاید اس امتحان کا مقصد بھی فوت ہو جاتا۔اْس علیم و حکیم رب نے جس کو بہت کچھ دیا ہے اْسکا بھی امتحان ہے اور جسے محروم رکھا ہے اس کا بھی امتحان ہے۔وہ رب اس بات کو پسند کرتا ہے کہ معا شرے کے ضرورت مند اور مستحق افراد کی مدد کریں جن کو اللہ نے اپنے فضل سے نوازا ہے تاکہ انسانوں کے درمیان باہمی الفت ومحبت کے رشتے بھی استوار ہوں اور دینے والوں کو اللہ کی رضا اور گناہوں کی بخشش بھی حاصل ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے