کوئٹہ ہزارگنجی نالہ پرمنشیات کےعادی افراد کے خلاف آپریشن،2 منشیات فروشوں سمیت 28 منشیات کے عادی افراد گرفتار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او شالکوٹ سرکل خلیل احمد بگٹی کی سربراہی میں ہزارگنجی نالہ پر منشیات کے عادی افراد کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں سمیت 28 منشیات کے عادی گرفتار کرلیا جبکہ اس حوالے سے مزید کارروائی شالکوٹ پولیس کررہی ہے۔دوسری جانب آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے سٹی نالے میں پولیس آپریشن کے بعد نشئی افراد کا رہائشی علاقوں میں روپوش ہونے اور منشیات کا کاروبار کے حوالے سے ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ کیپٹن (ر)غلام اظفر مہیسر سے اس حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات،کارروائیوں اور گرفتار منشیات کے عادی افراد کی بحالی مراکز منتقلی کے بارے میں تفصیلات طلب کرلیں۔صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی اور نشئی افراد کو پکڑ کر بحالی سینٹرز منتقلی کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں اور سٹی نالے کے علاؤہ دیگر علاقوں میں بھی آپریشن کا عمل تیزی کیا جائے گا۔ اس موقع پر ائی جی پولیس بلوچستان کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک بہت سارے نشے کے عادی افراد کو مراکز بحالی بجھوایا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان پولیس اپنی مدد آپ کے تحت نشے کے عادی افراد کے علاج معالجے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔منشیات کے مکمل خاتمہ تک پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔