پٹرول مزید مہنگا کردیا گیا، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) حکومت کی جانب سے بدھ کی شب اچانک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کردیا گیا، جس کے بعد پٹرول کی قیمت میں اضافہ اور مٹی کے تیل و لائٹ ڈیزل میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 8.30 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.26 روپے فی لیٹر کم کی گئی ہے۔
پٹرول کی قیمت بڑھنے کے بعد نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت 245.43 روپے ہی برقرار ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہو گئی اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے فی لیٹرہوگئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج ہی سے کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب حکومت نے پٹرول پر لیوی میں 8 پیسے کی کمی کی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 8 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔ پٹرول پر لیوی 37 روپے 50 پیسے سے کم ہوکر 37.42 روپے ہو گئی ہے اور ڈیزل پر لیوی 7.50 روپے سے بڑھا کر 7 روپے 58 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔