وزیراعلیٰ مصیبت کی اس گھڑی میں خاران کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، میرعبدالکریم نوشیروانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میرعبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے خاران کے غریب عوام کے لئے 45کروڑ روپے کے فنڈز اور 3ہزار بلڈوزر گھنٹے جاری کئے، خاران کے غیور عوام ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں ناقابل بیان ہیں۔ خاران کے عوام امید کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان مزید امداد کریں گے اور مصیبت کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ جھا? کے بعد وہ خاران کو اپنا حلقہ تصور کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر خاران کے مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی طرف سے 45کروڑ روپے کے فنڈز روڈ، صحت، ایجوکیشن اور پبلک ہیلتھ سیکٹرز پر خرچ کئے گئے اسی طرح 3ہزار بلڈوزر گھنٹے جو ملے تھے اس میں ایک ہزار گھنٹے ہم نے اپنی جیب سے خرچ کرکے خاران کے عوام پر خرچ کئے ہیں حالانکہ ہمارے سیاسی مخالفین کو اربوں روپے ملے لیکن انہوں نے خاران میں کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ خاران کے لئے سابق وزیراعلیٰ جام کمال نے بھی فنڈز دیئے جو کہ ہم نے تباہ شدہ سڑکوں کی مرمت سمیت مختلف سیکٹرز پر لگائے، اب بھی کچھ سڑکیں باقی ہیں جن پر کام ہونا ہے لہذا وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ وہ مزید فنڈز جاری کریں کیونکہ جھا? کے بعد وہ خاران کو بھی اپنا حلقہ تصور کرتے ہیں اسکے علاوہ سیلاب سے جو تباہ کاریاں ہوئیں ہیں اس سے نہ صرف پورا صوبہ بری طرح متاثر ہوا ہے بلکہ خاران میں ناقابل بیان تباہی ہوئی ہے امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان خاران کے غریب عوام کی داد رسی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں اور شعیب نوشیروانی 35سال سے خاران کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ ہم محب وطن ہیں اسکے باوجود ہمیں جمہوری ٹرین سے دھکا دیکر گرایا گیا گوکہ المجید اور ساحل و وسائل پینل نے وزیراعلیٰ بزنجو کے گرد گھیرا تنگ کررکھا ہے اسکے باوجود وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے ہمارا خیال رکھا ہے، ہم ملک و صوبے خاران کے عوام کے لئے سوچتے ہیں امید کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو آگے بھی خاران کے عوام اور ہمارا خیال رکھیں گے اور خاران کی ترقی و خوشحالی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے کابینہ سے فنڈز منظور کرکے ریلیز کریں گے اور خاران کے غریب و غیور عوام کی داد رسی کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو خاران آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خاران تشریف لائیں اور یہاں کے عوام کی حالت زار کا خود جائزہ لیں اور انکی داد رسی کیلئے اقدامات اٹھائیں خاران کے محب وطن عوام ان کے منتظر ہیں یقیناً وزیراعلیٰ قدوس بزنجو مصیبت کی اس گھڑی میں خاران کو تنہا نہیں چھوڑیں گے خاران آئندہ الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کا گڑھ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے