خواتین کی صلاحیت، ہنراورذہانت کا استعمال معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیرہے،عبدالعزیز عقیلی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے منگل کو سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے مین کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ایس بی کے ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ساجدہ نورین نے تعلیمی اور انتظامی ٹیم کے ساتھ چیف سیکرٹری کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے یونیورسٹی میں گڈ گورننس پر لیکچر دیا،جس کے بعد طالبات اور فیکلٹی کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ چیف سیکرٹری نے یونیورسٹی کی ضروریات اور صوبائی حکومت کی معاونت کی درخواستوں پر مکمل تعاون کا یقین دلایا اور فیکلٹی اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تحقیق کو فروغ دیں تاکہ ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے اور کامیاب معاشرے کی قیام میں حکومت کی مدد کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا اور دنیا بھر نے تسلیم کیا ہے کہ لڑکیوں کے تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ اب لڑکیوں کی قابلیت کو چار دیواری کی حدود تک محدود نہیں کیا جاتا بلکہ دنیا بھر میں انھیں خود کو منوانے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں ان حقوق کے کام کو سمجھنے کے لیے خواتین کے لیے کتاب اور دنیا کے علم سے آراستہ ہونا بالکل ضروری ہے۔ خواتین کی اس اہم کردار کو سمجھنا چاہیے جو تعلیم انہیں بااختیار بنانے میں ادا کرتی ہے، خواتین کی صلاحیت، ہنر اور ذہانت کا استعمال معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے