بلوچستان اسمبلی کے ملازمین اور قائم مقام اسپیکر کے درمیان مذاکرات کامیاب، ملازمین نے اسمبلی کاروائی کا بائیکاٹ 21ستمبر تک موخر کردیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے ملازمین اور قائم مقام اسپیکر کے درمیان مذاکرات کامیاب ملازمین نے اسمبلی کاروائی کا بائیکاٹ 21ستمبر تک موخر کردیا۔جمعہ کو بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے ہا سٹل اسٹاف ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر میر ظفر علی رند کی قیادت میں ملازمین کے وفد نے قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل اور سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملازمین نے قائم مقام اسپیکر کو اپنے مطالبات اور احتجاج کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر قائم مقام اسپیکر نے ملازمین سے مذاکرات کئے۔سردار بابر موسیٰ نے ملازمین کے مسائل کو سنتے ہوئے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ مطالبات کی منظور ی کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے تب تک ملازمین اپنا احتجاج موخر کردیں جس پر بلوچستان اسمبلی کے ملازمین نے قائم مقام اسپیکر کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج 21ستمبر تک موخر کردیا بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے ہا سٹل اسٹاف ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر میر ظفر علی رند کا کہنا تھا کہ اگر انکے مطالبات پر 21ستمبر تک پیش رفت نہ ہوئی تو وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے ہا سٹل اسٹاف ویلفیئر ایسو سی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز مطالبات منظور نہ پر 19ستمبر کے اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا تھا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے