بلوچستان میں رواں سال 40لاکھ پودے لگائے جائیں گے،سردار مسعود لونی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیرجنگلات سردار مسعود لونی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں رواں سال 40لاکھ پودے لگائے جائیں گے،صوبے میں جنگلات کی کٹائی اور شکار پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو سیکرٹری جنگلات عمران خان کی جانب سے محکمہ جنگلات کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سردار مسعود لونی نے کہا کہ صوبے میں دسمبر2022ء تک 40لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جس میں سے تقریباً20لاکھ پودے اب تک لگائے جاچکے ہیں جبکہ آئندہ سال بلوچستان بھر میں 1کروڑ روپے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جنگلات کی کٹائی اور مہمان پرندوں کے شکار پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے غیرقانونی شکار کرنے والوں کے خلاف فارسٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کو بھی جنگلات اورغیر قانونی شکارکی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں صوبے میں بے دردی سے جنگلات کی کٹائی اور دوسرے ممالک سے ہجرت کرکے بلوچستان آنے والے پرندوں کی نسل کشی کی گئی اب یہ محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ جنگلات اور مہمان پرندوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یاغفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے صوبے میں میگا نرسریز قائم کی ہیں جہاں پودے لگائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنے اردگرد زیادہ سے ذیادہ نہ صرف پودے لگائیں بلکہ انکی حفاظت بھی کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے