صوبے میں اقلیتوں کومکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، سہیل الرحمن بلوچ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبے میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو فل پروف بنا کر نفری اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اقلیتی برادری کو تحفظ کے ساتھ ساتھ ملازمت، سکالرشپ، میڈیکل سہولت اور دیگر معاملات میں خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کے کردار سے کسی صورت انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ چیلارام لانی کی قیادت میں اقلیتی برادری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل بابر خان بھی موجود تھے۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقلیتوں کا صوبے کی ترقی میں کردار مثالی رہا ہے اور صوبے میں اقلیتی برادری دیگر اقوام کے ساتھ باہمی رواداری،اتفاق اور پیار محبت سے صدیوں سے رکھتے ہیں اسی بنا پر اقلیتوں کو صوبے میں مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق مل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا تے ہوئے نفری کی موجودگی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور سکیورٹی گیٹس کا انتظام کیے گئے ہیں انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی زمینوں پر قبضہ کے خاتمے کیلئے بہت جلد کارروائی کر کے قبضے کو وارگزار کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اقلیتوں کو مساوی حقوق دیتے ہوئے سکالرشپ، میڈیکل اور ملازمت میں مخصوص کوٹے کے تحت عملدرآمد کر رہی ہے جبکہ اقلیتوں کے خصوصی تہواروں کرسمس، ہولی اور دیگر تقاریب کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے کہا کہ اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔اس موقع پر قومی کمیشن کے سربراہ چیلارام کیولانی نے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کے اقلیتوں کے تحفظ اور دیگر اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان میں اقلیتوں کو دیگر اقوام کی طرح مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے