عوام سیلاب پر سیاست کرنے والوں سے حساب لیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت جانتی ہے کہ ملک کی کیا صورتحال ہے، لوگوں کو پتا ہے کہ کون لوگ آج بھی سیاست کر رہے ہیں، عوام سیلاب پر سیاست سے ناراض ہیں، وقت آنے پر حساب لیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ تباہی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہوئی جب کہ اس موسمیاتی تباہی میں پاکستان کا قصور نہ ہونے کے برابر ہے، ہمارا ملک ناکردہ گناہوں کی بنا پر اس بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کا شکار ہوا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ گلوبل نارتھ، گلوبل وارمنگ کے مسئلے کے خلاف دنیا کو اپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کی صورتحال سے متعلق دلوں کو ہلا دینے والی باتیں کیں، پاکستان کے مسائل کی اس طرح کی ترجمانی شاید ہی کسی غیر ملکی ذمے دار شخص نے کی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتریس نے اپنے دورہ لاڑکانہ جہاں میں ان کا ترجمان بنا کیونکہ وہ میرے کروڑوں پاکستانی بھائیوں کے ترجمان بنے تھے، وہاں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے لیے خالی ہمدردی کا پیغام اور اظہار یکجہتی کی باتیں کافی نہیں ہیں، اس وقت عملی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بے پناہ ناانصافی ہوئی ہے جس کا ازالہ ہونا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ اہم عہدے پر براجمان شخص کی جانب سے ایسی باتیں قابل غور ہیں، انہوں نے دکھی انسانیت اور پسے ہوئے عوام کے لیے جن جذبات کا اظہار کیا اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی گفتگو کسی ایسے شخص کی جانب سے سامنے آنے کے بعد جو کہ خود اس وقت اقدام متحدہ کا سیکریٹری جنرل ہے، میں تمام کابینہ اراکین سے ملتمس ہوں کہ آپ اپنی ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے کام کریں، دکھی انسانیت کے لیے اپنی ذمے داریاں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو کابینہ کے ارکان امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ابھی کام نہیں کر رہے وہ بھی آگے جائیں، لوگ اس وقت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے کہ کون ان کی مدد کو آیا اور کون نہیں آیا، وہ یاد رکھیں گے کہ کون اسلام آباد کے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھا رہا، کون سیر سپاٹے کرتا رہا اور کون ہمارے دکھوں میں شریک ہوتا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے ارکان کی جانب سے کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن ان سے استدعا ہے کہ وہ مزید اپنا حصہ ڈالیں، یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن اس کا اجر بھی ملے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ 2 سے 3 ہفتوں میں یہ پانی اتر جائے گا، پھر لوگ اپنے گھروں میں آباد ہوجائیں گے، پوری قوم اس وقت جانتی ہے کہ ملک کی کیا صورتحال ہے، جو لوگ آج اس امدادی کام سے دور ہیں، لوگ ان کو بھی جانتے ہیں جو لوگ آج بھی سیاست کر رہے ہیں، لوگوں کو ان کا بھی پتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خاموشی کا یہ مطلب نہیں کہ وہ کچھ جانتے نہیں، ان کی خاموشی کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے اندر کی ناراضی، دکھ اور تکلیف کو بیان نہیں کر پارہے، وہ وقت آئے گا جب وہ اس بات کا حساب بھی لیں گے اور شاباش بھی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب کے دوران ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے