پاکستان کا آئین ہی تمام اقلیتوں کومذہبی آزادی اوراظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے، میرجان محمد جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) قائم قام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی سے گورنر ہاوس کوئٹہ میں قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ چیلا رام کیولانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے قائم قام گورنر بلوچستان میرجان محمد جمالی نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہی پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے.۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد اقوام کی شاندار اقدار اور روایات کی وجہ سے تمام اقلیتوں کے ساتھ سماجی سطح پر بھی اپنے رشتہ داروں جیسے مساویانہ سلوک ہو رہا ہے۔قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری شاندار روایات مذہبی اور صنفی بنیادوں پر کسی کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیاز رکھنے کی اجازت نہیں دیتی، ملک وصوبے کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار مینارٹیز میں پاکستان بھر میں رہنے والی تمام اقلیتوں (ہندو، کرسچن، سکھ، پارسی اور کیلاش وغیرہ کو باقاعدہ نمائندگی دینا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد اقلیتوں نے کئی نامور شخصیات پیدا کیں ہیں جنھوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد میں بھی شامل رہے ہیں۔ صوبہ بلوچستان کی اقلیتوں خصوصاً عیسائی، ہندو اور پارسی برادری کی صوبے میں تعلیم، صحت اور تجارت کے شعبوں میں قابل قدر خدمات ادائیگی لائقِ تحسین ہیں۔ وفد نے قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی کو اقلیتی برادریوں کو تحفظ، ملازمت اور دیگر درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں مہمانانِ گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔