مسجد نبوی واقعے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسجد نبوی واقعے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسجد نبوی واقعے کے تناظر میں مقدمات کیخلاف شیخ رشید ، فواد چوہدری و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں کی سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہاں ملک میں جب حکومت تبدیل ہوئی تو ہمارے خلاف توہین عدالت کے کیسز درج ہونا شروع ہوگئے۔حکومت اور سیکرٹری نیشنل اسمبلی کی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی گئی۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ ہے کہ ہمارے پاس کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔

ہائیکورٹ نے مسجد نبوی واقعے پر درج تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دیتے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ غیر ضروری ہراساں نا کریں وہ کام نا کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں ، بلاوجہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں ہے۔عدالت نے درخواست گزاروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نا فوج کو ہراساں کر رہا ہے نا حکومت کو، اس کا ایک معمولی اور معصومانہ سا سوال ہے کہ انتخابات کرا دیں، میرے خلاف ایک مقدمہ فیصل آباد، ایک اٹک، ایک لاہور اور ایک تھانہ کوہسار میں ہے تو کیا سب جگہ جاؤں؟ پھر تو سارا مہینہ اسی کام میں لگا رہے گا، میں تو اس واقعہ کے وقت مدینہ شریف میں موجود بھی نہیں تھا، جب کچھ نہیں ملا تو انہوں نے یہ کیسز نکال لیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے