سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈز کا طریقہ لا رہے ہیں، قاسم خان سوری
اسلام آباد:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈز کا طریقہ لا رہے ہیں، اپوزیشن ہمارے ساتھ مل کر شو آف ہینڈ کے قانون کو پاس کروائے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ سب کرپشن کے خلاف متحد ہو کر کام کریں تاکہ کوئی بھی شخص پیسے دیکر سینیٹ میں نہ آسکے۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بتایا کہ جماعتیں اور نظریہ مضبوط ہو، غریب شخص کو اگر پارٹی ٹکٹ ملے تو وہ بھی سینیٹرز منتخب ہو۔قاسم سوری نے کہا کہ ماضی کے سینیٹ الیکشن میں کرپشن میں ملوث 20 ایم پی ایز کو پی ٹی آئی نے نکالا۔ملک میں تمباکو نوشی کے استعمال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 39 لاکھ افراد تمباکو استعمال کرتے ہیں۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ 66 ہزار اموات تمباکو کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان میں سگریٹ کی فروخت کا باقاعدہ لائسنس ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ مخصوص جگہ پر فروخت ہو اور بچوں کی پہنچ سے دور ہو، پبلک جگہوں، سرکاری دفاتر، ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشن پر سگریٹ نوشی پر پابندی پر سختی کر کے جرمانہ کرناچاہیے۔قاسم سوری نے کہا کہ سگریٹ پر مزید ٹیکس عائد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی پر پابندی کا بل قومی اسمبلی کے پاس ہے، جسے قانون کی شکل دینی ہے۔