کراچی کو بلوچستان کی ریگستانی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی کو بلوچستان کی ریگستانی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔کراچی میں آج دوسرے روز بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ گرمی کی لہر اگلے 3 روز تک برقرار رہ سکتی ہے، سمندری ہوائیں معطل ہونے سے موسم گرم وخشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہوا کا کم دباؤ گجرات(بھارت)اور اس کے ملحقہ علاقوں پر موجود ہے۔ آج سے 14 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور میرپورخاص میں جبکہ کل سے 14 ستمبر تک ٹنڈومحمد خان، سجاول اور ٹھٹھ میں بارش متوقع ہے۔
شدید گرمی میں شہر کے صرف ایک علاقے میں اچانک بارش شروع ہوگئی۔ گلشن حدید میں موسلادھار بارش ہوگئی جس پر گرمی کے ستائے شہری حیران رہ گئے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ بارش مقامی شجرکاری کے سبب ہورہی ہے۔