آج کا کامیاب نوجوان ہی کل کے تابناک ملکی مستقبل کا ضامن ہے، لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک و قوم کا مستقبل اور اتحاد و یگانگت کی علامت ہیں،نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید خطوط پہ اپنے تعلیمی سنگ میل عبور کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے علوم کو سیکھنے کی اشد ضرورت ہے،آج ہمیں نسلی، علاقائی اور لسانی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں طلباء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کا کامیاب نوجوان ہی کل کے تابناک ملکی مستقبل کا ضامن ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بیوٹیمز میں آزادی کے 75 ویں سال قومی یگانگت اور تعمیر امن کی منزل کے تعین کے لئے تعلیمی مباحثے کے اہتمام کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہی۔ بیوٹیمز میں آزادی کے 75 ویں سال قومی یگانگت اور تعمیرامن کی منزل کے تعین کے لئے تعلیمی مباحثے کا اہتمام کیا گیا۔مقررین میں بلوچستان تھنک ٹینک نیٹ ورک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر خلجی، سابق وفاقی و صوبائی وزیر و سینیٹر مسز روشان خورشید، ڈاکٹر مالک ترین وائس چانسلر پنجگور یونیورسٹی، قاری عبدالرشید ممبر بلوچستان سکالرز ٹاسک فورس اور صحافی ظفر بلوچ شامل تھے۔ مقررین نے اپنے مخصوص شعبہ ہائے زندگی پہ مفصل تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی کامیابیوں اور چیلنجز سے بھرپور ماضی کی روشنی میں ملک و قوم کی منزل کے تعین اور اس ضمن میں درکار وسائل کا سیر حاصل جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے اپنے خطاب میں مختلف یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات کو آگاہ کیا کہ وقت تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور اپنے ساتھ نئے دور کے انداز، رواج اور چیلنجز لے کر آ رہا ہے ملی یکجہتی اور ہم آہنگی کا اصل مظہر ہماری نوجوان نسل ہے جنہوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ ان کے مفادات ملک کے مفادات کے ساتھ منسلک ہیں۔کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ محنت سے کام لیں اور اپنی پڑھائی پر مکمل توجہ مرکوز کریں نوجوانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید خطوط پہ اپنے تعلیمی سنگ میل عبور کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے علوم کو سیکھنے کی اشد ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے نوجوانوں کو ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ ملک کی یکجہتی اور اتحاد کے لئے نوجوان قلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے معاشرتی اقدار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ آج ہمیں نسلی، علاقائی اور لسانی تقسیم سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں طلباء کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کا کامیاب نوجوان ہی کل کے تابناک ملکی مستقبل کا ضامن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے