بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں جاری کارروائیوں کے دوران 15 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ناقص و ملاوٹی اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں جاری کارروائیوں کے دوران 15 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں کی جانب سے صفائی کے انتظامات و اشیاء کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں، قلعہ سیف اللہ اور تربت شہر میں متفرق مراکز کی انسپیکشن کی گئی۔ کوئٹہ میں ملاوٹی دودھ کی فروخت پر جناح ٹاؤن اور کلی پائندخان میں 2 ملک شاپس کو جرمانہ کیا گیا، سیٹلائٹ ٹاؤن اور سریاب روڈ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 5 مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا، بی ایف اے فوڈ سیفٹی آفیسرز کے مطابق 4 بیکنگ یونٹس کے خلاف مختلف وجوہات بیکنگ ایریاز میں صفائی و ہوا کی آمدورفت کے ناقص انتظامات، حتمی اشیاء ڈھکنے کے لیے گندے و جراثیم زدہ پلاسٹک کے استعمال، ٹوٹے ہوئے سور آلودہ بیکنگ ٹریز میں اشیاء کی تیاری، گزشتہ ہدایات کے باوجود تیار و بیکڈ آئٹمز پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخیں ظاہر نہ کرنے، اسٹیمنگ روم میں گندگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر کارروائی کی گئی، جنرل اسٹور کو غیر معیاری و مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز (رنگ) فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔اسی طرح بی ایف اے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر رئیسانی روڈ میں 1 نان شاپ جبکہ چائنیز نمک، گٹکا پان پراگ اور مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز کی فروخت پر 5 جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ علاوہ ازیں بی ایف اے ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیٹلائٹ ٹاؤن (تربت) میں 1 سپر اسٹور اور 1 جنرل اسٹور سے بھی ایکسپائرڈ و پابندی عائد خوردنی اشیاء برآمد کیں جبکہ قلعہ سیف اللہ کے مرکزی بازار میں 2 مصالحہ شاپس کے خلاف زائد المعیاد پیکٹ مصالحے، ناقص فوڈ کلرز، اجینو موتو کی موجودگی اور اشیاء ذخیرہ کرنے کے غیر صحت بخش انتظامات پر ایکشن لیا گیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے تمام تر کاروائیوں کے دوران مراکز سے برآمد شدہ ناقص، زائد المعیاد اور ممنوعہ اشیاء قبضہ میں لیکر بعدازاں تلف کردیں جبکہ معمولی نقائص پر 30 سے زائد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے