سیلاب سے کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوسکتاہے،وزیر خزانہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ سیلاب سے کم ازکم 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے، قوم کو اپنے وسائل کے اندر رہ کر گزارا کرنا ہوگا۔امریکی نشریاتی ادارے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ تاریخ کے بدترین سیلاب سے کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے، ایک سال میں کچھ نہیں ہو سکتا لیکن ہم شروعات کر سکتے ہیں،
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کےبعد کمی آنا شروع ہوگئی ہے، موجودہ مالی سال مہنگائی کی اوسط شرح 15 فیصد رہے گی، پاکستانی قوم کو اپنے وسائل کے اندر رہ کر گزارا کرنا ہوگا۔مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ حکومت نے بجٹ میں 5 فیصد معاشی ترقی کا ہدف مقرر کیا تھا، موجودہ مالی سال معاشی شرح نمو ساڑھے 3 فیصد سے زیادہ متوقع ہے، پاکستان میں 1 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری تقریبا ایک ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔