صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی،خلیل جارج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی متاثرین کو انکے پاؤں پر دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان ہے بارشوں سے گرنے والی میتھوڈیسٹ چرچ کی دیوار کی فوری تعمیر کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کوبارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ امین آباد بروری روڈ،پولٹری فارم،اے ون سٹی،کرسچن قبرستان،کیچی بیگ ہندو محلہ،کیچی بیگ مندر،میتھوڈیسٹ چرچ،حمزہ ٹاون،خالد بن ولید روڈ نواں کلی،میتھوڈیسٹ چرچ کے دورے کے موقع پرمتاثرین میں خیمے،راشن اوردیگر سامان تقسیم کرنے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہی۔ خلیل جارج نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی ہدایت پر وہ آج بارشوں اورسیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور نقصانات کا جائزہ لیکر وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں گے صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے کرسچن کمیونٹی اوردیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں جنہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اورسیلابی ریلوں سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں جنہیں پورا کرنا صرف حکومت کے بس کی بات نہیں ہے مخیر حضرات اورعالمی اداروں کو بھی آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کرنی چاہئے تاکہ کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے سکی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کواسوقت خیموں،راشن اورادویات کی سخت ضرورت ہے متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومت نے فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد شروع کر رکھا ہے تاکہ متاثرین کو وبائی امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔