بجلی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،چیف ایگزیکٹو آفیسرکیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکیسکوانجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاہے کہ بجلی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ جلد از جلدصوبہ کے تمام متاثرہ صارفین کو بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جھل مگسی اور گنداواہ میں بجلی بحالی کے کام کاجائزہ لینے کے دوران افسران اور ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان اوروفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کیسکواسٹاف بجلی بحالی کے لئے تمام متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیسکوکی کوشش ہے کہ وہ کم سے کم وقت میں بجلی بحالی کو ممکن بنائیں اور اس سلسلے میں بولان کے علاقہ پیر غائب کے قریب متاثرہ132KVڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کاکام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور انشااللہ جمعہ کی شام تک132KVڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا۔انجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاکہ 132KVڈبل سرکٹ سبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے بعد صوبہ کے تمام متاثرہ اضلاع کے صارفین کوممکنہ حد تک ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ کیسکوکاشعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) اور گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) کی ٹیمیں متاثرہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر توانائی اور وفاقی سیکریٹری کی خصوصی ہدایات اور کیسکوکی انتھک محنت سے گنداواہ کو متبادل زرائع سے یعنی جھل مگسی گرڈاسٹیشن سے 11Kvلائن سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔ چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ بجلی بحالی کے عمل میں پاک آرمی اور صوبائی حکومت کیسکوکے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر ہرممکن مدد فراہم کررہے ہیں جس سے کیسکو کو کچھ متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کرنے میں کافی مدد ملی۔چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ اِس وقت کوئٹہ شہر کو متبادل زرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے اورموجودہ برقی قلت کے باعث کوئٹہ شہر کے تمام فیڈروں کو صرف ضرورت کے تحت باری باری بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ 220kv دادو۔خضدار، 220KVسبی ٹو کوئٹہ اور 132KVسبی ٹو کوئٹہ سرکٹ بندہونے سے کیسکوکو برقی قلت کاسامناہے لہٰذا اس کمی کو پورا کرنے کے لیئے کوئٹہ شہرمیں اضافی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔انجینئر عبدالکریم جمالی نے کہاکہ اس وقت خضدار، وڈھ، باغبانہ، قلات، نال، زہری، سوراب، بیسیمہ، گدر،منگچر، کڈ کوچہ اورمستونگ، نوشکی،چاغی،خاران اور دالبندین کے علاقوں کو ابھی تک بجلی کی فراہمی متاثرہے جبکہ لورلائی ژوب،قلعہ سیف اللہ، پشین،قلعہ عبداللہ،یارو، علیزئی،چمن کے صرف سٹی فیڈروں کوضرورت کے مطابق یومیہ دو گھنٹے تک بجلی فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ این ٹی ڈی سی کے 220Kvدادو۔ خضدار اور 220Kvسبی ٹو کوئٹہ ٹرانسمیشن لائنوں کی بحالی کاکام وفاقی سیکریٹر ی توانائی (پاور ڈویژن) کی زیر نگرانی جاری ہے اوراین ٹی ڈی سی کے220Kv کے دونوں ٹرانسمیشن لائنزکی کیسکو سسٹم میں آنے کے بعد ہی صوبے میں بجلی کی صورتحال معمول پر آجائے گی تاہم اس وقت کیسکوبجلی بحالی کیلئے عملہ دن رات کوشاں ہے اوراُمید ہے کہ جلد از جلد مرمت وبحالی کاکام مکمل کرکے صارفین کو ریلیف دیاجائے گا۔ دورہ کے موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر سبی سرکل محمد ہاشم خان جوگیزئی، پراجیکٹ ڈائریکٹر(کنسٹرکشن)انجینئر کلیم اللہ جوگیزئی، ایکسیئن کنسٹرکشن ڈویژن انجینئر طارق حسین لہڑی، ایس ڈی او کیسکواوستہ محمدسب ڈویژن محمد نواز کھوسہ بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ مزید برآں انہوں نے جھل مگسی اور گنداواہ میں بجلی بحالی کیلئے کیسکوکے آپریشن،کنسٹرکشن اور جی ایس او اسٹاف کی کوششوں اور کارکردگی کوسراہا۔